اوورسیز پاکستانیز

نیویارک میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب 9ستمبر کو ہوگی ،شہداءاور غازیوں کو سلام پیش کیا جائیگا

یوم دفاع پاکستان کی اتوار9 ستمبر کو تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ اہم سرکاری عہدےدار بھی شریک ہونگے

یوم دفاع پاکستان کی فورتھ پلر اور پاکستان نیوز کے زیر اہتمام تقریب کا مقصد دفاع وطن کیلئے جان قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،مجیب لودھی
وطن کے سپاہیوں کو ملکر سلامی پیش کرنے کے لئے کمیونٹی بھر پور شرکت کرے گی ، دفاع وطن کیلئے آج بھی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے ، فاروق مرزا

نیویارک (اردو نیوز ) میڈیا واچ ڈاگ تنظیم فورتھ پلر اورہفت روزہ پاکستان نیوز کے زیر اہتمام گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی یوم دفاع پاکستان اتوار9 ستمبر شام 6 بجے پنجاب پارٹی ہال،کونی آئی لینڈ ایونیو ( لٹل پاکستان) بروکلین میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا جس میں تمام کمیونٹی کے علاوہ اہم سیاسی و سماجی و سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔تقریب میں مقررین یوم دفاع پاکستان ، ملک کو درپیش نئے چیلنجوں اور مستقبل کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔ ملک میں بھی اس سال یوم دفاع پاکستان کادن فوج اور نئی سیاسی حکومت کے تعاون سے غیر معمولی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے جس کے بارے میں فوج کے ترجمان جنرل آصف غفور نے گذشتہ روز میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں پچاس ہزار لوگوں اور اسی بلین ڈالرز کی قربانی دے چکا ہے جس نے ملکی معیشت کو نڈھال کر رکھا ہے اور ملک کو دفاع کے حوالے سے نئے خدشات لاحق ہیں۔ ایسے وقت میں اوورسیز پاکستانیوں کی ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے۔ بالخصوص پاکستانی امریکن تارکین وطن کی ذمہ داری اور زیادہ ہے کہ جنگ نہ صرف پاکستان کے اندر ، مشرق و مغربی سرحدوں کے علاوہ عالمی بساط پر بھی لڑی جا رہی ہے جس میں پاکستانی ،امریکن اپنا موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تقریب میں دفاعی و سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے اہم تجزیہ کاروں کو مدعو کیاگیا ہے جو موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے اہم گفتگو کریں گے۔ تقریب کے میزبان پاکستان نیوز کے پبلشر مجیب لودھی نے کہا ہے کہ وطن کیلئے جان قربان کرنے والوں کو قوم کبھی نہیں بھولے گی۔ اس یوم دفاع کے موقع پر ہم سب ملکر انہیں سلامی پیش کریں گے۔ فورتھ پلر کے چیف ایگزیکٹو فاروق مرزا نے تمام کمیونٹی ارکان کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن کی جنگ آج بھی جاری ہے ا ور ہم قربانیاں دینے والوں کو بالکل نہیں بھولے جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کیاہے۔ میں قومی ترانے ملی نغمے گائے جائیں گے اور قومی پرچم بھی لہرایا جائے گا۔ تمام کمیونٹی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ شرکت کرے۔

Related Articles

Back to top button