سانحہ سان ڈیاگو: اکنا ریلیف کی قیادت کا اسلامی مرکز سان ڈیاگو کا دورہ،متاثرہ کمیونٹی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
اکنا ریلیف مشکل گھڑی میں پہلے ہی دن سے متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے اور مسلسل امدادی، سماجی اور نفسیاتی معاونت فراہم کر رہی ہے
اکنا ریلیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرؤف خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر علیم الدین کا اسلامی مرکز سان ڈیاگو کا دورہ ، مقامی ٹیم اور کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا
سان فرانسسکو ( اردو نیوز) سان ڈیاگو میں 18 مئی کو پیش آنے والے المناک واقعے کے بعد مقامی مسلم کمیونٹی شدید صدمے اور غم کی کیفیت سے گزر رہی ہے۔ اس مشکل گھڑی میں اکنا ریلیف پہلے ہی دن سے متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے اور مسلسل امدادی، سماجی اور نفسیاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
اسی سلسلے میں اکنا ریلیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرو¿ف خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر علیم الدین نے اسلامی مرکز سان ڈیاگو (ICSD) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی ٹیم اور کمیونٹی رہنماو¿ں سے ملاقات کی اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفد نے اسلامی مرکز سان ڈیاگو کے امام شیخ طہٰ سے ملاقات کی اور سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا یقین دلایا۔اکنا ریلیف کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔

اکنا ریلیف کی کونسلنگ ٹیم پہلے ہی متحرک ہے اور اسلامی مرکز سان ڈیاگو کے اراکین کو نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ اس سانحے کے اثرات سے نمٹنے میں کمیونٹی کی مدد کی جا سکے۔
اس موقع پراکنا ریلیف کی قیادت نے سان ڈیاگو کی مسلم کمیونٹی کے حوصلے، اتحاد اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات اور دکھ کے باوجود کمیونٹی نے جس صبر، استقامت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اکنا ریلیف کئی برسوں سے سان ڈیاگو میں فلاحی اور انسانی خدمت کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ سانحے میں شہید ہونے والے مسجد کے سیکیورٹی گارڈ بھی آئی سی این اے ریلیف کی فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے تھے اور ضرورت مند افراد کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔
اکنا ریلیف نے شہداءکے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور پوری کمیونٹی کے لیے سلامتی و استحکام کی دعا کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہر مرحلے پر کھڑی رہے گی۔
اللہ تعالیٰ شہداءکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت نصیب کرے اور ہماری تمام کمیونٹیز کو ہر قسم کے شر اور آزمائش سے محفوظ رکھے، آمین



