پاکستان

غزہ میں فلسطینیوں کا قتل ،پاکستان کا اقوام متحدہ میں احتجاج ، اسرائیل پر ریاستی دہشت گردی کا الزام ، آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کروائے ۔یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی جانب سے کیا گیا ۔
اقوام متحدہ میں دہشت گردی کے عالمی معاملات کے جائزہ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکا۔
پاکستان کی مستقل مندون کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں طاقت کے بل بوتے پر قبضوں کی غیر قانونی ریاستی پالیسیاں بھی عالمی سطح پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کا فروغ کا سبب بنتی ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے 14مئی کو یروشلم میں امریکی سفارتخانے کے قیام کے موقع پر فلسطینی عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 60افراد ہلاک جبکہ بھاری تعداد میں زخمی ہو گئے ہیں ۔
یروشلم میں امریکی سفارتخانے کے قیام کے مسلہ پر عالمی رائے عامہ بھی تقسیم ہو گئی ہے اور اہم امریکی اتحادی برطانیہ اور فرانس کے علاوہ روس کی جانب سے اس فیصلے کی مخالفت کی گئی ہے ۔

Related Articles

Back to top button