پاکستان

یانکرز ،نیویارک میں تحریک انصاف کی ریلی، عمران خان اور پرویز الہٰی سے اظہار یکجہتی

ریلی میں پنجاب اسمبلی میں چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ پیش آنیوالے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اورمطالبہ کیا گیا کہ حملہ آوروں کو قرارواقعہ سزا دی جائے

نیویارک (اردو نیوز ) پاکستا ن تحریک انصاف کی جانب سے نیویارک میں ہفتے کو مسلسل دوسرے روز پارٹی چئیرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے اظہار یکجہتی اور شہباز شریف کی حکومت کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی ۔ اس ریلی کا انعقاد تحریک انصاف ویسٹ چیسٹر کے چوہدری شاہد سندھو ،معین چوہدری ،شوکت، حیدر علی ،عامر اور مصطفی ٹنگر سمیت ان کے ساتھیوںنے کیا تھا ۔

ریلی ”ون جان ایف کینیڈی میمورئیل ڈرائیو ، یانکرز “ پر نکالی گئی جس میں تحریک انصاف نیویارک کے عہدیداران اور ارکان کے علاوہ سپورٹرز نے شرکت کی ۔ریلی میں نیویارک سٹیٹ اسمبلی مین ناڈر جے سیاگ نے بھی خصوصی شرکت کی اور یانکرز (ویسٹ چیسٹر) کی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات کو سراہا ۔

احتجاجی شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور تحریک انصاف کے جھنڈوں کے علاوہ پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان کے حق میں جبکہ موجودہ حکومت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ریلی میں پنجاب اسمبلی میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ پیش آنیوالے واقعہ،ان پر ہونیوالے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اورمطالبہ کیا گیا کہ حملہ آوروں کو قرارواقعہ سزا دی جائے

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان میں فری اینڈ فئیر الیکشن کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ چلیں گے اور ہر نا انصافی کے خلاف امریکہ میں ہر اہم فورم پر آواز بلند کریں گے ۔

مقررین نے میاں شہباز شریف کی قیادت میں قائم کولیشن حکومت کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز اس سازشی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ بھر میں موجود تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے سپورٹرز اور ارکان اس وقت تک متحرک رہیں گے کہ جب تک عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں صاف و شفاف الیکشن کے ذریعے حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہو جاتی ۔

نیویارک سٹیٹ اسمبلی مین ناڈر جے نے یانکرز (ویسٹ چیسٹر) میں بسنے والی کمیونٹی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور آگے بڑھنے کے لئے جمہوریت اور جمہوری اقدار کی بالا دستی بہت ضروری ہے اور میں جمہوری اقدار کی بالادستی کی ہر کوشش کو سپورٹ کرتا ہوں ۔

ریلی کے اختتام پر چوہدری شاہد سندھو نے اپنے ساتھی منتظمین کی جانب سے ریلی کے شرکاءکا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ریلی سے ہماری جدوجہد شروع ہوئی ہے اور یہ جدوجہد عمران خان اور چوہدری برادران کے مشن کی تکمل تک جاری رہے گی ۔

 

 

یہ بھی پڑھیں : ٹائمز سکوائر نیویارک پر پاکستان تحریک انصاف کااحتجاجی مظاہرہ
یہ بھی پڑھیں : حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کے پرتشدد اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب

 

Related Articles

Back to top button