پاکستان

امریکی صدر ٹرمپ کے کورونا ٹیسٹ کے بعد امریکی سیاست اور قومی نظام میں ہلچل

تین نومبر کو ہونیوالے صدارتی الیکشن کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے اور قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے اگرچہ کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم ادارے متحرک ہو گئے ہیں

نیویارک (محسن ظہیر سے ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امریکی سیاست اور قومی نظام میں ہلچل مچ گئی ہے ، تین نومبر کو ہونیوالے صدارتی الیکشن کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے اور قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے اگرچہ کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم ادارے متحرک ہو گئے ہیں ۔واضح رہے کہ 74سالہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم اور دو اکتوبر کی رات ایک بجے ٹویٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ خاتون اول میلانیا اور اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اچھا محسوس کررہے ہیں اور اس صورتحال سے ہم اکٹھے نکلیں گے ۔
دریں اثناءامریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے بھی کورونا کا شکار ہونے کے بعد دو اکتوبر کو اپنے پہلے ٹویٹ میں کہا کہ صدر ٹرمپ اور میں اچھا محسوس کررہے ہیں۔ملانیا ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اور انہوں نے فی الحال اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔ انہوں نے امریکی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سب احتیاط کریں۔ ہم سب مل کر اس صورتحال سے اکٹھے نکل جائیں گے۔
سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاوس کے فزیشن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اچھا محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے خود کو الگ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ خود کو الگ کرنے کے باوجود اپنا کام جاری رکھیں گے تاہم ڈاکٹرز ان کی صحت پر چوبیس گھنٹے اور لمحہ بہ لمحہ نظر رکھیں گے ۔یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ صدر ٹرمپ میں کورونا کی ہلکی علامات محسوس کی جا رہی ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر 74سال ہے اور ان کا وزن 244 پاو¿نڈز ہے۔امریکی میڈیکل ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے شکار چالیس فیصد لوگ میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور وہ صحت مند ہو جاتے ہیں۔ کورونا وائرس کے افزائش کا وقت چودہ دن ہوتا ہے۔ وائرس کی افزائش کے بعد متاثرہ شخص علیل ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر متاثرہ شخص علیل ہو جائے تو اسے ہسپتال بھیجا جا سکتا ہے۔ شوگر ، بلڈ پریشر ، موٹاپے سمیت دائمی امراض کے حامل افراد پر کورونا ہر زیادہ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امریکی نائب صدر مائیک پینس ، وائٹ ہاو¿س چیف آف سٹاف مائیک میڈوز ، سیکرٹری خزانہ سٹیو منوچن سمیت اہم حکومتی شخصیات کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے جو کہ منفی آیا ہے ۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن جنہوں نے 29ستمبر کو صدر ٹرمپ سے صدارتی الیکشن کے سلسلے میں پہلا مباحثہ کیا، کا بھی دو اکتوبر کو کورونا ٹیسٹ کیا گیا اور ان کے رزلٹ کا انتظار ہے۔جو بائیڈن کی جانب سے جاری کردہ ٹویٹ میں صدر ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی ہے ۔
امریکی صدر ایسے وقت پر کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں ، کہ جب امریکی صدارتی الیکشن میں ایک ماہ کا وقت رہ گیا ہے ۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق اس صورتحال کی وجہ سے صدارتی انتخابی کی صورتحال بھی غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے ۔
امریکی اور عالمی سٹاک مارکیٹ میں بھی امریکی صدر کے کورونا ٹیسٹ کا ردعمل سامنے آیا ہے اور عالمی مارکیٹ میں مندے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔امریکہ ، برطانیہ ، یورپ سمیت دنیا بھر کے میڈیا میں امریکی صدر کے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی خبریں شہ سرخیوں کے طور پر نمایاں ہوئی ہیں ۔

 

President Donald Trump and Melania Trump test positive for COVID-19

Related Articles

Back to top button