بین الاقوامی

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

بیرسٹر سلطان سعودی عرب کے دورے کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ، خصوصی نمائندہ برائے کشمیر،اسلامک ڈویلپمنٹ بنک کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے

مظفر آباد (اردونیوز )صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔اس دورے کی دعوت انہیں اسلامی تعاون تنظیم OIC نے دی ہے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنے سعودی عرب کے دورے کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ ٰ (Hissein Brahim Taha)، او آئی سی کے خصوصی نمائندہ برائے کشمیر، انسانی حقوق کے انچارج، اعلیٰ سعودی حکام، اسلامک ڈویلپمنٹ بنک کے اعلیٰ عہدیداران سمیت دیگر مکتب فکر کے افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران صدر آزادکشمیر کشمیری کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔ اسی طرح وہ مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺپر بھی حاضری دیں گے۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اس دورے کی دعوت گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس اور او آئی سی کے کشمیرکنٹیکٹ گروپ میں ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کرنے پر دی گئی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ آزاد کشمیر کے کسی بھی سیاسی لیڈر یا صدرریاست کو جدہ میں او آئی سی ہیڈ کوارٹر کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس دورے کی منظوری وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی دی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر کے اس دورے کو بڑی اہمیت دی جا رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button