پاکستان

شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے ، سفیر کے گھر قیام کریں گے ، ٹرین پر نیویارک جائیں گے

وہ29ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے،جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائینز پر مختلف ممالک کے وزراءخارجہ سمیت اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے

شاہ محمود قریشی 29ستمبر کو نیویارک میں اپنا قیام مکمل کرنے کے بعد واپس واشنگٹن جائیں گے جہاں وہ اہم امریکی حکام اور عالمی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں

واشنگٹن ڈی سی (محسن ظہیر سے ) شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ بننے کے بعد اپنے پہلے دورہ پر امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ قطر ائیر ویز کی پرواز سے واشنگٹن پہنچے جہاں ان کا سفیر علی جہانگیر صدیقی سمیت سفارتی حکام نے استقبال کیا۔وزیر اعظم عمران خان کی سادگی اور بچت پالیسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی واشنگٹن ڈی سی میں کسی بڑے ہوٹل کی بجائے سفیر علی جہانگیر صدیقی کی رہائشگاہ پر قیام کریں گے۔
شاہ محمد قریشی اتوار کی دوپہر ایک بجے پاکستانی ایمبسی میں پریس بریفننگ دیں گے جس میں وہ اپنے دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت پاک امریکہ تعلقات سمیت اہم امور پر بات چیت کریں گے۔شاہ محمود قریشی اتوار کو سفیر علی جہانگیر صدیقی کی جانب سے دئیے جانے والے ایک استقبالیہ میں بھی شریک ہونگے جس میں امریکہ بھر سے کمیونٹی کی اہم شخصیات شریک ہوں گی
وزیر خارجہ اتوار کو بذریعہ ٹرین واشنگٹن ڈی سی سے نیویارک آئیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میںشریک ہوں گے اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وہ29ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائینز پر مختلف ممالک کے وزراءخارجہ سمیت اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں پاکستان کی حکومت کی خارجہ پالیسی سمیت اہم امور پر بات چیت کریں گے۔
وزیر خارجہ پاکستان کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائینز پر بھارتی ہم منصب شسما سوراج سے بھی ملاقات طے ہوئی تھی لیکن بھارت ، اس ملاقات پر رضا مندی کے بعد خود پر مکر گیا جس کے بعد دونوں ممالک میں ایک بار پھر تناو¿ کی صورتحال پلٹ آئی ہے
شاہ محمود قریشی 29ستمبر کو نیویارک میں اپنا قیام مکمل کرنے کے بعد واپس واشنگٹن جائیں گے جہاں وہ تین اکتوبر تک قیام کریں گے۔اس عرصے کے دوران ان کی اہم امریکی حکام اور عالمی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

Related Articles

Back to top button