اوورسیز پاکستانیز

آئندہ وزیر اعلیٰ سندھ ہمارا یا ہمارا حمایت یافتہ ہوگا، مصطفی کمال کا پاک سرزمین پارٹی امریکہ سے ٹیلیفونک خطاب

پاک سرزمین پارٹی امریکہ کے چیف آرگنائزر سید طاہر وفا قانی کی جانب سے اہم امریکی ریاستوں میں تنظیم سازی

پاک سرزمین پارٹی نیویارک کے آرگنائزر قاسم فریدی، نیوجرسی کے آرگنائزر سید امجد حسین اور کنکٹی کٹ کے آرگنازئر وقار علی منصوری ہونگے، سید طاہر وفا قانی کا اعلان

نیویارک (اردو نیوز)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ الیکشن کے نتیجے میں سندھ میں پاک سرزمین پارٹی برسر اقتدار آئے گی اور آئندہ وزیر اعلیٰ سندھ یا تو ہمارا ہوگا یا ہمارا حمایت یافتہ ۔یہ بات انہوں نے نیویارک میں پاک سرزمین پارٹی امریکہ کی جانب سے منعقدہ تنظیم سازی اجلاس سے کراچی سے بذریعہ ٹیلیفونک خطاب کے دوران کیا۔ یہ اجلاس پاک سرزمین پارٹی امریکہ کے چیف آرگنائزر سید طاہر وفا قانی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اعلان کیا گیا کہ پاک سرزمین پارٹی نیویارک کے آرگنائزر قاسم فریدی، نیوجرسی کے آرگنائزر سید امجد حسین اور کنکٹی کٹ کے آرگنازئر وقار علی منصوری ہونگے۔
مصطفی کمال نے امریکہ میں پارٹی کے مقرر ہونے والے نئے عہدیداروں کو مبارکبا ددی اور ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ الیکشن میں اوورسیز میں رہتے ہوئے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے جس حد تک کردار ممکن ہے ، ادا کریں ۔پاک سرزمین امریکہ کے چیف آرگنائزر سید طاہر وفا قانی کی دعوت پر اجلاس میں کمیونٹی کے مقامی قائدین سردار نصراللہ خان، رمضان رانا ایڈوکیٹ ، جیلانی ، اشرف اعظمی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران مصطفی کمال نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے ممبئی حملوں کے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اس سے زیادہ ملک دشمنی کیا ہو سکتی ہے ۔یہ بیان پاکستان کے اس حکمران مائنڈ سیٹ کی نشاندہی ہے کہ جو یہ سمجھتا ہے کہ جب تک وہ برسر اقتدار ہے تو سب اچھا ہے اور جب وہ اقتدار سے الگ ہو جائیں تو ملک، ریاست اور عوام سب برے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے یہ بیان دے کر اپنی عمر بھر کی سیاسی کمائی پر پانی پھیر دیا ہے ۔
مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ہم نے کراچی میں الطاف حسین کی مخالفت کی کم از کم سزا موت ہوا کرتی تھی ۔ ہم حق و سچ پر کھڑے ہوئے ۔عوام کی حوصلہ افزائی ہوئی ، انہیں امید کی روشنی نظر آئی اور پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ کیسے ہر روز پاک سرزمین پارٹی کی حمایت و تائید میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس کے برعکس الطاف حسین کی ایم کیو ایم ٹکروں میں بٹ گئی ہے اور ان میں جوتوں میں دال بٹ رہی ہے ۔

پاک سر زمین پارٹی یو ایس اے کے چیف آرگنائزر سید طاہر وفا قانی،نیویارک کے آرگنائزر قاسم فریدی، نیوجرسی کے آرگنائزر سید امجد حسین اور کنکٹی کٹ کے آرگنازئر وقار علی منصوری (فوٹو :اردو نیوز)

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے امریکہ میں بسنے والے ساتھیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن میں اپنے اہل خانہ اور دوست احباب پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں اور انہیں کہیں کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کو کراچی، سندھ اور پاکستان کی ہر سطح پر خدمت کا موقع دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کام چھوڑا تو آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ پورا کراچی شہر کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ ہم برسر اقتدار آگئے تو انشاءاللہ ایک بار پھر ملک و قوم کے حالات کی بہتری میں اپنا انقلابی کردار ادا کریں گے ۔
آخر میں سید طاہر وفا قانی نے کہا کہ امید ہے کہ جن ساتھیوں کو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے کہ جو پارٹی نے ان پر کیا اور و ہ امریکہ میں پارٹی کو موثر اور فعال بنانے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔

Related Articles

Back to top button