کالم و مضامیناوورسیز پاکستانیز

محمودفاروقی پاکستان میں اسلامی ادب کے سرخیل ہیں، معراج الہدیٰ

فاران کلب ، کراچی میںمحمود فاروقی کی کتابوں قصہ آدم تا نوح اور قصہ یوسف کی تقریب رونمائی سے نائب امیرجماعت اسلامی کا اظہار خیال

تقریب سے معروف شاعر خالدعرفان ، مسعود فاروقی ، شاہد فاروقی، سلیم مغل ،راشد عزیز، فرحت عظیم، علاﺅ الدین خانزادہ ، قیصر خان اور سلیم قریشی نے خطاب کیا

کراچی (خصوصی رپورٹ) کراچی میں معروف کالم نگار اور صحافی محمود فاروقی کی دو کتابوں قصہ آدم تا نوح اور قصہ یوسف کی تقریب رونمائی فاران کلب میں منعقد ہوئی ۔یہ کتابیں کالموں کے سلسلہ ”محراب و منبر“کے تحت شائع ہوئیں ۔محمود فاروقی کے یہ کالم کئی سالوں تک کراچی کے اخبارات میں شائع ہوئے ، اس کے بعد وہ امریکہ چلے گئے تھے ۔ان کی یہ کتابیں ان کے صاحبزادوں مسعود فاروقی ، مشہور فاروقی اور مقصود فاروقی نے اپنی نگرانی میں شائع کرائیں ۔

فاران کلب میں منعقد ہونے والی اس تقریب ِ رونمائی کی صدارت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کر رہے تھے ۔ انہوں نے محمود صدیقی کی شخصیت اور کتابوں کے بارے میں اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمودفاروقی پاکستان میں اسلامی ادب کے سرخیل ہیں ، جنہوں نے ساٹھ کی دہائی میں پاکستان میں الحادی اور لبرل ادب کا ڈٹ کر مقابلہ کیااور اسلامی ادب کے حامی صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کی ۔ محراب و منبر کے عنوان سے ایک عشرے پر محیط ان کے کالمز نے نئی نسل اور اخبار کے قارئین کو افسانوی زبان کے بہترین اسلوب میں کلام اللہ سے روشناس کرایا اور شیطانی کرداروں کے ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا ۔ اپنی تحریروں کے ذریعہ قصص انبیا کوجیتی جاگتی دنیا میں عبرت کا ذریعہ بنایا ۔

محمود فاروقی اپنی جوانی سے ہی اسلامی ادب کے سپاہی تھے ۔ ان کی تحریرو ں نے دیارِ غیر میں بھی مقام حاصل کیا ۔آج بھی کراچی پریس کلب میں ان کا لگایا ہوا پودا شجر سایہ دار ہے ۔ محمود فاروقی کی کتابیں ہمارے معاشرے کے لئے نظریاتی اساس ہیں ۔

اس تقریب میں معروف شاعر خالدعرفان ، مصنف کے صاحبزادے مسعود فاروقی ، شاہد فاروقی، سلیم مغل ،راشد عزیز، فرحت عظیم، علاﺅ الدین خانزادہ ، جمعیت الفلاح کے صدر قیصر خان اور فاران کلب کے سلیم قریشی نے خطاب کیا ۔اس موقع پر نصیر سلیمی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی معروف شخصیات ،پروفیسر سرجن ڈاکٹر عبداللہ متقی ،صحافی عطا تبسم، راہ ٹی وی کے سلمان شیخ،شہزاد مظہر ، جاوید احمد خان ، کامران عظیم ، شفیق اللہ اور الخدمت کے عنایت اللہ اسمٰعیل سمیت خواتین و حضرات موجود تھے ۔

 

Related Articles

Back to top button