اوورسیز پاکستانیز

ظہیر احمد مہر اور ملک سلیمان کا افطار ڈنر،پاکستان فیدرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی خصوصی شرکت

قونصل جنرل راجہ علی اعجاز اور سابق وفاقی وزیر جے سالک کی خصوصی شرکت،مخدوم سید تصور الحسن شاہ گیلانی دعا کروائی ، اہم شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت

نیویارک (اردو نیوز) اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی معروف و سرگرم شخصیت ، اسسٹنٹس پرووائیڈرز برائے کمشنر اوورسیز پاکستانی و کوارڈی نیٹر پرائم منسٹر ظہیر احمد مہر اور چئیرمین پاکستان ڈے پریڈ نیوجرسی ، ٹرینٹن حلال میٹ کے چیف ایگزیکٹو ملک سلیمان کی جانب سے حسب روایت اس سال بھی ایپل آٹوز کوینز(نیویارک) پر پرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب میں امریکہ کے دورے پر آئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے پریذیڈنٹ افضل بٹ ، قونصل جنرل راجہ علی اعجاز، سابق وفاقی وزیر جے سالک اور پاکستان پراپرٹی ایکسپو کے ماجد نذیر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔تلاوت قران مجید کی سعادت عتیق قادری نے حاصل کی جبکہ معروف اینکرپرسن سلیم احمد ملک نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔
افطار پارٹی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ظہیر احمد مہر اور ملک سلیمان نے شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے بڑی سعادت ہے کہ وہ حسب روایت اس سال بھی دوست احباب کی افطاری کا اہتمام کررہے ہیں ۔
ظہیر احمد مہر نے کہا کہ میری زندگی کا مشن اوورسیز کمیونٹی کی بہتری ، کامیابی او ر ترقی کو یقینی بناناہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک برادری ہیں اور ہمیں اپنے اجتماعی مفادات کے لئے اپنے اجتماعی کردار کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے پی ایف یو جے کے پریذیڈنٹ افضل بٹ کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب اسلام کے نیویارک چیپٹر کا کوارڈی نیٹر بنا کر ان پر جس اعتماد کا اظہا رکیا گیا ہے ، وہ انشاءاللہ اس پر پورا اتریں گے ۔
ملک سلیمان نے شرکاءکا شکرئیہ ادا کیا اور کہا وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس با برکت اور متبرک مہینے کی رحمتیں اور برکات ہم سب پر نازل فرمائیں ۔قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے ظہیر احمد مہر اور ملک سلیمان کا شکرئیہ ادا کیا اور کہا کہ رمضان کریم پرہیز اور تقویٰ کا درس اور تربیت دیتا ہے ۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے پریذیڈنٹ افضل بٹ نے خطاب کرتے ہوئے ظہیر احمد مہر اور ملک سلیمان کا شکرئیہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پہلی بار امریکہ میں رمضان شریف گذرنے کا موقع ملا۔ اوورسیز میں بسنے والی کمیونٹی کی اپنی ، دینی ،سماجی اقدار کی پاسداری قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے جے سالک کی شاندار الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ یہ پاکستان کے ان سیاسی قائدین میں سے ہیں کہ جنہوں نے چار بار قومی اسمبلی کا رکن ہونے کے باوجود ایک پائی بھی نہیں کمائی اور ان کا کردار اور ہاتھ صاف ہیں۔ ہم پاکستانیوں کو ان پر فخر ہے ۔
افضل بٹ نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن گئی ہے ۔ پاکستان اور امریکہ میں بسنے والی صحافی برادری کو بھی باہمی روابط کو فرو دینا چاہئیے ۔اسی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا نیویارک چیپٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔میری تمام میڈیا کے ساتھیوں اور دوستوں سے گذارش ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں تاکہ ہم سب ملکر اپنا کردار موثر انداز میں ادا کر سکیں ۔
سابق وفاقی وزیر جے سالک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے ہاتھ صاف ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں میری ایک انچ بھی زمین نہیں ،سیاست میں ایک پائی یا کبھی ایک پرمٹ تک بھی حاصل نہیں کیا ۔انہوںنے کہا کہ وہ واشنگٹن میں میثاق مدینہ کے نام سے کانفرنس کررہے ہیں جس کا مقصد بین العقائد ہم آہنگی کو فروغ دنیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی انگلش میں نئی کتاب بھی جلد امریکہ میں منظر عام پر آئے گی ۔ جے سالک نے افضل بٹ، ظہیر احمد مہر اور ملک سلیمان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کمیونٹی کو رمضان کی مبارکباد دی ۔
معروف عالم دین مخدوم سید تصور الحسن شاہ گیلانی نے مختصر اًرمضان المبارک کی فضیلت و برکات کے بارے میں خطا ب کرتے ہوئے کمیونٹی ارکان سے کہا کہ وہ اس مہینے میں اللہ پاک کی جس حد تک رحمتیں اور برکات سمیٹ سکتے ہیں، سمیٹ لیں ۔انہوں نے خصوصی دعا بھی کروائی ۔
افطار پارٹی سے اے پی پیک کے ڈاکٹر اعجاز احمد، صحافی مجیب لودھی اور بشیر قمر نے بھی خطاب کیا ۔آخر میں میزبانان ظہیر احمد مہر اور ملک سلیمان کی جانب سے شرکا ءکے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر دیا گیا۔

Related Articles

Back to top button